امريکی رياستوں میں فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر میریزول میں پیش آیا جس میں نویں جماعت کے ایک طالب علم نے اپنے اسکول کے کیفے ٹیریا میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک طالبہ ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے جب کہ حملہ آور طالب علم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے طالب علموں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق سر میں شدید نوعیت کے زخم
آنے کے باعث 3 طالب علموں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے طالب علم کی شناخت جیلن فرائی برگ کے نام سے ہوئی ہے تاہم فائرنگ کی وجوہات کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سیکرامینٹو میں پیش آیا جب پولیس اہلکار نے ایک مشکوک گاڑی کو تلاشی کے لئے روکا تو ڈرائیور نے اسے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اور فرار ہو گیا جب کہ ملزم نے ایک اور مقام پر فائرنگ کر کے ایک اور پولیس اہلکار کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کر دیا۔ پولیس نے کارروائی کے بعد مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔